ایک سال میں ریکارڈ 1061 پاکستانی ڈاکٹروں نے امریکا میں رہائش حاصل کرلی

Published On 08 April,2025 05:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد نے ایک سال کے دوران امریکا میں رہائش حاصل کرلی۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق یہ اب تک امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی ریکارڈ تعداد ہے۔

پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج نے کامیابی کو پاکستانی میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کی عکاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 1061 ڈاکٹروں کی کامیابی ہمارے لیے انتہائی خوشی اور مسرت کی بات ہے۔

پروفیسر رضوان تاج نے کہا کہ سخت معیار اور نصاب نے عالمی سطح پر پاکستانی ڈاکٹروں کی راہ ہموار کی۔ پاکستانی ڈاکٹروں نے یو ایس ایم ایل ای، انٹرویوز اور سخت مراحل کے بعد کامیابی حاصل کی۔

صدر پی ایم ڈی سی نے کہا کہ ہمارا وژن عالمی معیار کے ہیلتھ پروفیشنلز تیار کرنا ہے، پاکستانی ڈاکٹروں کی کامیابی اور عالمی صحت کے نظام میں اہم کردار ادا کرے گی۔

کنگ ایڈورڈ، ڈاؤ اور علامہ اقبال میڈیکل کالجز کے طلبا کی بڑی تعداد امریکی ریزیڈنسی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔