لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان میں اٹلی کی سفیر میری لینا ارمیملن نے ملاقات کی جس میں ماحولیاتی آلودگی، تجارت بالخصوص زیتون کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی ملاقات میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے اٹلی کی طرف سے پاکستانی طلبہ کو ایک ہزار ووکیشنل سکالرشپس دینے پر اطالوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ اٹلی میں رہنے والے پاکستانی اٹلی کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں، زیادہ پاکستانی اٹلی جانا پسند کرتے ہیں، حال ہی میں کئی پاکستانی انسانی سمگلروں کے ہاتھوں غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جاتے ہوئے حادثات کا شکار ہوئے، انسانی سمگلروں سے نمٹنے کیلئےپاکستان میں سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
انہوں نے اطالوی سفیر سے درخواست کی کہ اٹلی کی حکومت امیگریشن قوانین میں آسانی پیدا کر کے لیگل طریقے سے پاکستانیوں کو مواقع فراہم کرے تاکہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ اٹلی پاکستان سے زیتون کا درآمد کر کے زیتون کے تیل میں استعمال کر سکتا ہے، میڈ ان پاکستان زیتون کا تیل بھی مارکٹ میں آنا شروع ہو گیا ہے، میڈ ان پاکستان آلیو آئل اٹلی کی ٹیکنالوجی کی سپورٹ سے مزید بہتر ہوگا۔
سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان کاروباری وفود کا تبادلہ ہونا چاہیے،آ لودگی کم کرنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، حکومت پنجاب نے الیکٹرک بسیں چلانا شروع کی ہیں جس سے فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔