لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈچ اور جرمن ہاکی کلب کی ٹیموں اور شرکاء کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں استقبالیہ دیا۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ غیر ملکی ہاکی ٹیموں کا پاکستان آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، ہماری سکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں کی بدولت چیمپئنز ٹرافی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کو پاکستان میں پُرامن کھیلوں کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہالینڈ اور جرمنی کی ہاکی ٹیموں کا پاکستان آنا ہمسایہ ممالک کو اس بات کا پیغام ہے کہ وہ بھی اپنی ٹیموں کو کھیلنے کے لیے پاکستان بھیجیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہاکی میں بھی پاکستانی پرچم اونچا دیکھنا چاہتے ہیں، کھیلوں کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو انتشار کی سیاست سے بچانا ہے، نوجوان نسل کو قومی کھیل ہاکی کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی سمیت دیگر کھیلوں میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد یقیناً ملک کے درست حالات کی ترجمانی ہے، پاکستان ایک پُرامن ملک ہے،غیر ملکی ٹیموں کے دورے سے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہو گا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر قومی کھیل پر محنت کر رہی ہیں، ہاکی میں بہت جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ ایک پاکستانی فرید احمد ڈچ ٹیم کی کوچنگ کر رہے ہیں۔
سردار سلیم حیدر خان نے ٹیموں کو پاکستان بلانے پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام برائے سپورٹس کے چیئرمین اولمپئن خواجہ جینید، یورپین ہاکی کوآرڈی نیٹر پرویز سندھیلہ، ڈائریکٹر سپورٹس ہائر ایجوکیشن جاوید میمن، جنید چھٹہ کی کاوشوں کو سراہا۔