26 نومبر احتجاج کیس: شبلی فراز و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

Published On 21 February,2025 12:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 26 نومبر احتجاج سے متعلق مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز سمیت دیگر رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، شبلی فراز اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے شبلی فراز کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی، ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر آئندہ سماعت 12 مارچ کو ہو گی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے پی ٹی آئی رہنما کنول شوزب اور عمیر نیازی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر بھی سماعت کی، کنول شوزب اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ عمیر نیازی نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔

عدالت نے دونوں رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی، پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف تھانہ کوہسار میں 2 مقدمات درج ہیں۔