توڑ پھوڑ، کارِ سرکار میں مداخلت: مہر بانو قریشی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا

Published On 08 February,2025 08:02 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وائس چیئرمین پی ٹی آئی مخدوم شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہر بانو قریشی کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمہ تھانہ مخدوم رشید میں مہربانو قریشی سمیت آٹھ نامزد اور متعدد نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

مقدمہ میں توڑ پھوڑ، کارسرکار میں مداخلت اور دھمکیوں کی دفعات شامل کی گئی ہیں، مہر بانو قریشی سمیت 9 افراد پولیس حراست میں ہیں۔

واضح رہے کہ ملتان میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی رہنما مہربانو قریشی کو کارکنان سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سابق رکن قومی اسمبلی جاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی اور ملتان سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر دلیر مہار کو بھی حراست میں لیا گیا۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تینوں افراد کو پل چٹھہ سے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا جبکہ ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکن بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے، جلوس احتجاج اور ریلی پر پابندی عائد ہے۔