جب تک مسلمانوں کی قیادت علما کے ہاتھ تھی امت جڑی ہوئی تھی: فضل الرحمان

Published On 13 January,2025 06:18 pm

ملتان: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک مسلمانوں کی قیادت علما کے ہاتھ میں تھی امت جڑی ہوئی تھی، اب جن لوگوں کے ہاتھ میں سیاست آئی تو خونریزی شروع ہوگئی۔

علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں فتنہ، فساد، نفرت اور لڑائیاں چل رہی ہیں، سیاسی محاذ پر ہم نے لوگوں کو سمجھانا ہے، ہم قوم کو جوڑنے اور انسانیت کی بات کرتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ہمارا ایک پارلیمانی کردار ہے، آئین اور پارلیمان ہمارا ہے، 26 ویں ترمیم میں مسودہ دکھایا تو وہ کالا ناگ تھا، مسودے میں سب سے پہلا حملہ آرٹیکل 8 پر ہوا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے دلیل کی جنگ لڑی اور 34 شقوں سے حکومت کو دستبردار کرایا۔