کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی میں شہید بے نظیر بھٹو کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے لئے تعزیتی قرار داد پیش کر دی گئی۔
قرارداد وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور اراکین اسمبلی نے مشترکہ طور پیش کی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بے نظیر بھٹو عالمی اور ملکی سیاست میں اپنے والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھنے اور حقیقی معنوں میں چاروں صوبوں سمیت ملک بھر کی مقبول ترین اور ہر دلعزیز سیاسی شخصیت تھیں۔
متن کے مطابق بلوچستان کے لوگوں سے ان کا دلی لگاؤ تھا، شہید بینظیر بھٹو نے ہر قسم کے جبر اور آمریت کا دلیرانہ مقابلہ کیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بینظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جمہوریت کی آبیاری کی۔
قرارداد کے مطابق بینظیر بھٹو خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور معاشی ترقی کے لئے سرگرم رہیں، انہوں نے اپنی بے لوث اور دلیرانہ قیادت کے ذریعے نوجوان نسل کو درس دیا۔
متن کے مطابق قومی اتحاد اور حب الوطنی سے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اس ملک پاکستان کی خاطر اپنے والد کی شہادت اور بھائیوں کی لاشیں اٹھائیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا مقصد صرف عوام کو ان کا حق دلانا تھا، 18 ویں آئینی ترمیم بھی انہی کی کاوشوں کی بدولت ممکن ہوئی۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی قربانی سے جمہوریت مزید مضبوط ہوئی، اسی وجہ سے وہ عوام کے دلوں میں زندہ ہیں اور تاقیامت زندہ رہیں گی۔