وزیر اعلیٰ بلوچستان کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صنعتوں کے لئے زمین مہیا کرنے کا اعلان

Published On 04 December,2024 05:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کراچی کے صعنتکاروں کو بڑی پیشکش کر دی، سرفراز بگٹی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت صنعتوں کے لئے زمین مہیا کرنے کا اعلان کر دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ دس ہزار ایکڑ زمین صنعتی زون کے قیام کے لیے مہیا کرنے کو تیار ہیں، 9 ماہ سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو تیزی سے فروغ دے رہے ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کار پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات سے فائدہ اٹھائیں، سرمایہ کاری کے لیے توانائی دوسری اہم ضرورت ہے، بلوچستان کے پاس گیس کے علاوہ سولر اور ونڈ انرجی کا بہت پوٹینشل ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریسرچ کے بغیر کوئی قوم یا ادارہ ترقی نہیں کرسکتا، آج ہی ڈسٹرکٹ اکانومی پر کمیٹی بنائیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ڈسٹرکٹ میں کاروبار کے بھرپور امکانات ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ امکانات بلوچستان میں ہیں، سرمایہ کاروں اور تاجروں کو پارٹنرشپ کی دعوت دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، صوبائی حکومت تاجر برادری سے ہرممکن تعاون کرے گی، بلوچستان میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں ون ونڈوآپریشن کے تحت سہولت دیں گے، یقین دلاتا ہوں ریڈ ٹیپنگ بھی ختم کر کے دکھائیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان ترقی میں پیچھے رہ گیا ہے، سرمایہ کار ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، بلوچستان کےدورافتادہ علاقوں کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔