لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے واسا ملازمین کو سرکاری سکیم کے تحت پلاٹس نہ دینے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر ڈی جی ایل ڈی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود سیٹھی نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے چودھری ابرار ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔
وکیل درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 1986 میں سرکاری پالیسی کے تحت پلاٹس نہیں دیئے گئے، عدالتی حکم کے باوجود ڈی جی ایل ڈی اے پلاٹس کی بیلٹنگ نہیں کررہے۔
ایل ڈی اے کے وکیل نے کہا کہ ایل ڈی اے اس معاملے پر میٹنگز کررہا ہے، جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔
بعدازاں عدالت نے سردیوں کی تعطیلات کے بعد کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی اور واسا کے ملازمین کو سرکاری سکیم کے تحت پلاٹس نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر ڈی جی ایل ڈی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔