اسلام آباد: (حریم جدون) ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش کردیا گیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرمملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 متعارف کروا دیا، بل مزید غور کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوادیا گیا ہے۔
مسودہ بل کے مطابق اس بل کا مقصد ایک متحرک ڈیجیٹل معاشرہ، ایک مضبوط ڈیجیٹل معیشت اور مؤثر ڈیجیٹل گورننس کو فروغ دے کر پاکستان کو ایک بااختیار ملک میں تبدیل کرنا ہے۔
مسودہ کے مطابق جدت، اقتصادی ترقی اور سماجی بہبودکو آگے بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی صلاحیت کو تسلیم کرتے ہوئے گورننس کو بہتر بنانا ہے۔
مسودہ میں کہا گیا ہے کہ اس بل کے ذریعے نیشنل ڈیجیٹل کمیشن اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کرنا ہے تاکہ ملک کی ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے تمام سطحوں کی حکومتوں کی نگرانی کرتے ہوئے ڈیجیٹل اقدامات کو مربوط اور ہم آہنگ کرتے ہوئے ان پالیسیوں کو نافذ کیا جائے۔