مذاکرات کی پیشکش پر حکومت کے جواب کا انتظار ہے: اسد قیصر

Published On 10 December,2024 09:48 am

پشاور: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات کی پیشکش پر حکومت کے جواب کا انتظار ہے۔

پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف جو بھی ایف آئی آرز ہورہی ہیں سب میں دہشتگردی اور بغاوت کی دفعات لگائی جارہی ہیں، آپ خود مکس کررہے ہیں کہ کون دہشتگرد ہے، آپ ایک سیاسی کارکن پر دہشتگردی کی دفعات لگارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس نہ کوئی عقل ہے نہ سوچ اور نہ سنجیدگی، حکومت دہشتگردی پر فوکس نہیں کرپارہی، ان کا سار افوکس پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ہے، تمام ادارے پی ٹی آئی کو دبانے کیلئے اپنی تمام کاوشیں کررہے ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دیکھیں کیا صورتحال ہے ،حکومت کی رٹ ختم ہوگئی ہے، ہمارے صوبے خیبرپختونخوا کے حالات بھی دیکھ لیں، ان کے پاس اتنا وقت ہی نہیں کہ اصل ٹارگٹ پر فوکس رکھیں، ہم جمہوری لوگ ہیں،قانون و آئین پر یقین رکھتے ہیں۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم دہشتگردی کی دفعات کی مذمت کرتے ہیں، انہوں نے دہشتگردوں کے بجائے سیاسی ورکرز پر فوکس رکھا ہوا ہے، زبردستی پی ٹی آئی کارکنان کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، اگر آپ کا خیال ہے ایسے ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو یہ غلط فہمی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے، ہمارے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی اور 26 نومبر کو جو ہوا اس کی جوڈیشل کمیشن بناکر انکوائری کی جائے، پاکستان سب کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ: اسد قیصر کی 3 ہفتوں کیلئے راہداری ضمانت منظور

انہوں نے کہا کہ آپ نے زبردستی 26 ویں آئینی ترمیم کو پاس کیا، آپ نے افغانستان کے ساتھ ہمارے کاروبار بند کردیئے ہیں، فاٹا کے ساتھ معاہدے کو پورا نہیں کیا جارہا، اسلام آباد کے پی ہاؤس پر آپ حملہ کررہے ہیں، کیا آپ اس ملک کو توڑنا اور نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی مقبول ہے، ہم تمام قومیتوں کی نمائندگی کرتے ہیں، یکجہتی کی علامت پاکستان تحریک انصاف ہے، ہماری مولانا فضل الرحمان سے کل بات ہوئی، مولانا فضل الرحمان سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہم مشترکہ اپوزیشن آگے بڑھائیں گے، اس حکومت کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آل پارٹی کانفرنس کی نمائندہ جماعت تحریک انصاف ہے، خیبرپختونخوا میں مینڈیٹ پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے، ہم سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں، ہم نے ایک آفر دی ہے لیکن حکومت کا کوئی ردعمل نہیں آیا، ہم حکومت کے ردعمل کا انتظار کریں گے۔

اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ہماری لاک ڈاؤن پر بھی بات ہوئی ہے، اگر حکومت سے ہماری 15 دسمبر سے پہلے پہلے بات ہوتی ہے تو دیکھیں گے، ہمارے پاس احتجاج کو آگے بڑھانے کیلئے بہت سے آپشنز ہیں، ہماری آپس میں مشاورت جاری ہے ،جو ہوگا وہ قوم کے سامنے آجائے گا۔