اسلام آباد:(دنیا نیوز) ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شام میں تمام شہری محفوظ ہیں، صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔
شام کی ابھرتی صورتحال پر ترجمان دفترخارجہ نے ردعمل میں کہا ہے کہ شام کے حوالے سے ہمارے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے،پاکستان نے ہمیشہ خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کی ہے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ تمام پاکستانی شہری شام میں محفوظ ہیں، تاہم انہیں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے، موجودہ صورتحال کے بعد دمشق ایئرپورٹ بند ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں میں شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران پاکستانی شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بات ہوئی ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب کو پاکستانی شہریوں کی سکیورٹی سے متعلق آگاہ کیا۔