پی پی 139 کے ضمنی الیکشن میں ن لیگ کے رانا طاہر کامیاب، وزیراعظم کی مبارکباد

Published On 05 December,2024 11:41 pm

شیخوپورہ: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 139 میں تمام 124 پولنگ سٹیشن کا فارم 47 کے مطابق نتیجہ آگیا۔

 

فارم 47 کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا طاہر 44535 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ تحریک انصاف کے چودھری اعجاز حسین 20093 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

تحریک لبیک پاکستان کے محمد فاروق الحسن 7196 ووٹ لے کر تیسرے نمبر کے حق دار ٹھہرے۔

واضح رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔

پی پی 139 شیخوپورہ کے ضمنی الیکشن میں 8 امیدواروں نے حصہ لیا، ضمنی الیکشن کے لیے حلقے میں 124 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے، پولنگ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

رواں سال کے دوران پی پی 139 میں یہ تیسرے الیکشن ہیں، سب سے پہلے 8 فروری کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رانا تنویر حسین این اے 120 اور پی پی 139 سے کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے صوبائی اسمبلی کی سیٹ چھوڑ دی، ضمنی الیکشن میں ان کے بھائی مسلم لیگ ن کے رانا افضال حسین منتخب ہوئے۔

رانا افضال حسین کی وفات کے بعد حلقے میں تیسری مرتبہ الیکشن ہوا ہے، ضمنی الیکشن میں کامیابی پر لیگی کارکنوں نے مرکزی آفس کے باہر جشن منایا، کارکنوں نے آتشبازی کے ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کےامیدوار رانا طاہرکو ضمنی الیکشن میں جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہےکہ ن لیگی امیدوار کی واضح برتری عوام کےاعتماد کی عکاسی کرتی ہے، عوام نے انتشار کے بجائے ترقی وخوشحالی کے حق میں فیصلہ سنایا۔