پاک تھائی دوطرفہ تعلقات تاریخی، باہمی احترام اور تعاون پر مشتمل ہیں:کامران ٹیسوری

Published On 05 December,2024 07:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاک تھائی دوطرفہ تعلقات تاریخی، باہمی احترام اور تعاون پر مشتمل ہیں۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی ہدایت پر تھائی لینڈ کے قومی دن پر پریس کلب چوک میں پاک تھائی لینڈ پرچم لہرائے گئے، تقریب میں تھائی لینڈ کے قونصل جنرل Mr. Surashete Boontinand سمیت دیگر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔

پریس کلب چوک پاک تھائی لینڈ پرچموں اور برقی قمقموں سے جگمگا اٹھا، اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، شہریوں نے پاک تھائی لینڈ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اپنے پیغام میں کہا کہ تھائی عوام کو مبارک باد اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں،۔

کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعاون سرمایہ کاری، تجارت اور ثقافت مزید مضبوط کر رہے ہیں، اقتصادی تعاون میں اضافہ سے دوطرفہ فائدہ یقینی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ باہمی تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، تھائی لینڈ کے سرمایہ کار صوبہ میں سرمایہ کاری سے بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔