حکومتی مطالبے پر مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکارہوئے: لطیف کھوسہ

Published On 01 December,2024 08:44 pm

لاہور:(دنیا نیوز)مرکزی رہنما تحریک انصاف سردارلطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ حکومتی مطالبے پر مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکارہوئے۔

دنیا نیوزکےپروگرام’’بات نکلےگی‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سردارلطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی احتجاج  میں بشریٰ بی بی کی موجودگی سے کارکنان میں جوش وجذبہ پیدا ہوا، علی امین گنڈا پور چاہتے تھے بشریٰ بی بی احتجاج میں شامل نہ ہوں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیال تھا ہمیں بشریٰ بی بی کی حفاظت کرنا پڑے گی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پوراحتجاج کولیڈ کررہےتھے، کارکنان کی تعداد دیکھ کرحکومت گھٹنےٹیک چکی تھی، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے حکومت نےجیٹ فراہم کیا، چھوٹےطیارے کےذریعےبیرسٹرسیف کواڈیالہ بھیجا گیا۔

مرکزی رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تیار تھی، حکومت کا مطالبہ تھا کہ پہلےاحتجاج کوموخرکریں جبکہ  بلاول بھٹو پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوابھی سیاسی میچورنہیں ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا حکومتی مطالبے پر مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکارہوئے، حکومت نےسنگجانی میں احتجاج کرنےکا کہا، سنگجانی کے لیے پارٹی میں کسی نے رضا مندی کا اظہارنہیں کیا تھا۔