جو بھی ہتھیار اٹھائے گا دہشت گرد کہلائے گا: علی امین گنڈا پور

Published On 30 November,2024 05:55 pm

کوہاٹ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جو بھی ہتھیار اٹھائے گا دہشت گرد کہلائے گا، دہشت گردوں کا انجام جہنم ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کوہاٹ کا دورہ کیا، کرم کے معاملے پر قائم گرینڈ جرگے میں شرکت کی، اس موقع پر علی امین گنڈا پور نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی کہ جو بھی امن کو خراب کرے اس کے ساتھ دہشت گردوں والا سلوک کیا جائے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی درخواست پر فوج علاقے میں امن کے لئے تعینات ہے، فوج، پولیس اور انتظامیہ مل کر علاقے میں پائیدار امن کے لئے مربوط کوششیں کر رہے ہیں، علاقے میں قائم تمام کے تمام مورچے بلا تفریق ختم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی اختلافات اپنی جگہ، علاقے میں امن کے لئے وفاقی حکومت ایف سی کے پلاٹونز فراہم کرے، گرینڈ جرگہ مکمل امن کے قیام تک علاقے میں رہے، صوبائی حکومت ہر ممکن سپورٹ فراہم کرے گی۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ جو لوگ علاقے میں امن خراب کر رہے ہیں مقامی کمیونٹی اس کی نشاندہی کرے، فریقین کے درمیان نفرت کی فضا کو ختم کرنے کے لئے مقامی عمائدین اپنا کردار ادا کریں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ علاقے میں لوگوں کے پاس موجود بھاری اسلحہ جمع کیا جائے جبکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کے پاس موجود اسلحہ بھی امانتاً جمع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر جاری کئے جائیں، صوبائی حکومت ان بے گھر افراد کی باعزت واپسی یقینی بنائے گی۔