پی ٹی آئی پر پابندی، کے پی میں گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا: قیصر احمد شیخ

Published On 01 December,2024 04:52 pm

چنیوٹ:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی یا کے پی میں گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا۔

چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ گونر راج سیاسی استحکام کا راستہ نہیں ہے ،سیاسی جماعتوں پر پابندیاں ماضی میں کارگر نہیں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں پی ٹی آئی پر پابندی یا گورنر راج کا فیصلہ نہیں ہوا، اب بھی سیاسی استحکام کے لئے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے، جمہوریت میں پرتشدد سیاست کی گنجائش نہیں ہوتی، پرتشدد احتجاج سیاسی جماعتوں کا راستہ نہیں ہے۔

قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا حق ہے لیکن معمولات زندگی متاثر نہیں ہونے چاہئیں، سیاسی استحکام کے بغیر پاکستان اپنے ہمسایہ ملکوں کی طرح ترقی نہیں کرسکتا ہے،سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا چاہئے تاکہ سیاسی ماحول بہتر ہو ۔

وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ جب کبھی ملک ترقی کرنے لگتا ہے، سیاسی افرا تفری پیدا کردی جاتی ہے، 1970 کے بعد سے ہر الیکشن پر سوالات اٹھائے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چنیوٹ پنجاب کے وسط میں واقع ہے اور کاروبار کا مرکز ہے، چین، کوریا اور بھارت نے پاکستان کے معاشی ماڈل سے ترقی حاصل کی، پاکستان کے پاس کے اس وقت ترقی کے بہت بڑے مواقع ہیں۔

قیصر احمد شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے کی راہداری اور معیشت کا مرکز ہے، ہمیں بھارت کا مقابلہ کرنا ہے تو معیشت کو بڑھانا ہوگا، پاکستانی معیشت چالیس سال بھارت سے آگے رہی، پاکستان کی معیشت کی زبوں حالی کا سبب سیاسی تفرقہ بازی ہے۔