عمران خان اور انکی جماعت ختم کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کافی ہیں: عظمیٰ بخاری

Published On 01 December,2024 01:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی جماعت ختم کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کافی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنوں کے مجرم علی امین اور بشریٰ بی بی ہیں، پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت بزدلی کے آخری درجے پر فائز ہے، علی امین اور بشریٰ بی بی کی گاڑیوں پر انہی کے کارکنوں نے ڈنڈے مارے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی جماعت ختم کرنے کیلئے بشریٰ بی بی کافی ہیں، جتھوں سے وفاق پر چڑھائی کرنے سے این آر او نہیں ملتے۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اپنی ذلت اور بدنامی کو فیک نیوز اور افواہوں کے پیچھے چھپا رہے ہیں، تحریک انصاف کی یہ آخری ناکام بغاوت تھی، اب انتشاری ٹولہ دوبارہ اسلام آباد کا رخ کرنے کی غلطی نہیں دہرائے گا۔