پاکستان میں یو اے ای کا 53 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے

Published On 28 November,2024 09:55 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں متحدہ عرب امارات کا 53 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قومی دن کی تقریبات پاکستان میں انتہائی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہیں، قومی دن کے حوالے سے تیاریاں پورے سندھ میں گزشتہ بیس روزسے جاری ہیں، بچے، بڑے بوڑھے، خواتین سب نے مل کر یو اے ای کے قومی دن کی مناسبت سے تقریبات میں شرکت کی۔

قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔

شہریوں نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی، بچوں نے یو اے ای اور پاکستان دوستی کی محبت میں پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔

کراچی میں سب سے بڑی شاندار تقریب ہائپر سٹار میں ہوئی جہاں یواے ای کی ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا، تقریب میں نصب خیمے یو اے ای کی ثقافت کو اجاگر کر رہے تھے۔