اسلام آباد: (دنیانیوز) پاکستان کی جانب سے آج صبح ایران پر ہونیوالے اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں ، یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے، اس طرح کے حملوں سے علاقائی امن اور استحکام کو نقصان پہنچاتا ہے، حملوں سے خطے میں عدم استحکام خطرناک حد تک بڑھ جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسرائیل تنازع کے بڑھنے اور پھیلنے کا ذمہ دار ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے میں اسرائیل کی لاپرواہی اور اس کے مجرمانہ رویے کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرے، عالمی برادری خطے کی امن و سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے یکم اکتوبر کے ایرانی بیلسٹک میزائل حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے آج علی الصبح تہران، شیراز اور کرج پر فضائی حملہ کیا، اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ایران میں تقریبا 20 اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں میزائل تیار کرنے والی تنصیبات اور زمین سے فضاء تک مار کرنے والے میزائلوں اور دیگر فضائی سسٹمز شامل تھے۔
دوسری جانب ایرانی حکام نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کا کامیابی سے دفاع کیا، حملوں کو ناکام بنانے کیلئے فضائی دفاعی نظام استعمال کیا گیا۔