اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں نئے تعینات ہونے والے کمیونٹی و لیبر ویلیفئر اتاشیوں نے ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی مشنز میں نئے تعینات اتاشیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اطمینان ہے کہ آپ لوگوں کا تقرر ایک انتہائی شفاف عمل کے ذریعے ہوا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود آپ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں جن کی بدولت اربوں ڈالرز کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان پہنچتا ہے، پاکستان کے مفادات کو ہمیشہ ملحوظ خاطر رکھیں، بیرون ملک پاکستان کا تشخص اجاگر کرنے کے لئے بھرپور کوشش کریں۔
شہباز شریف نے نوتعینات افسران کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے بھی مواقع تلاش کریں۔
ملاقات کے دوران نوتعینات افسران نے وزیراعظم کو اپنے متعلقہ سٹیشنز کے حوالے سے اپنے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔