برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے 10 ملین پاؤنڈ کی منظوری دیدی

Published On 09 October,2024 08:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی ہائی کمیشن نے پاکستان میں سیلاب سے نمٹنے کے لیے 10 ملین پاؤنڈ کی منظوری دے دی۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے 350 سے زیادہ اموات، 650 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے، 78 ہزار سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا۔

اعلامیہ کے مطابق یہ امداد ملک کے 13 متاثرہ اضلاع میں بحالی اور انسانی ضروریات کو پورا کر رہی ہے، برطانیہ انفراسٹرکچر، معاشی بحالی اور ایمرجنسی ریلیف کے ذریعے 1 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہا ہے۔

فوری امداد میں عارضی پناہ گاہیں، امدادی اشیاء کے ساتھ ساتھ نقد امداد بھی شامل ہے، پینے کے پانی، صفائی، آبپاشی، ملبہ ہٹانے اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق دوبارہ سیلاب سے جانی، ذریعہ معاش اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی ہوئی ہے، ہم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری بحالی کی امداد فراہم کر رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی برطانیہ کی حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب میں 2.3 ملین سے زیادہ لوگوں کی مدد کی، 2022 کے سیلاب میں مجموعی طور پر 39 ملین برطانوی پاؤنڈ امداد مختص کی، برطانیہ آئندہ 4، 5 برسوں میں مزید 3 ملین لوگوں کی مدد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔