محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ، جے یوآئی کا امیرمنتخب ہونے پرمبارکباد

Published On 01 October,2024 11:30 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور جے یو آئی کا بلامقابلہ امیر منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی۔

 وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کیلئے پہنچے، وزیر داخلہ محسن نقوی نے جے یو آئی کا بلامقابلہ امیر منتخب ہونے پر مولانا فضل الرحمن اور بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مولانا عبدالغفور حیدری کو مبارک باد دی اور گلدستے پیش کئے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان اور مولانا عبدالغفور حیدری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

وزیرداخلہ نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں  کہا کہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے مولانا فضل الرحمان کا کردار قابل تحسین ہے، مولانا فضل الرحمان زیرک، مدبر،اور دور اندیش سیاسی رہنما ہیں ، مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جے یو آئی نے اُصولوں پر مبنی سیاست کی ہے۔

محسن نقوی کاکہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی اپنی جماعت اور پاکستان کے لئے گراں قدر خدمات ہیں، مولانا فضل الرحمان سینئر ترین سیاستدان ہیں اور پاکستان کی سیاست میں ان کا بلند مقام ہے۔