محسن نقوی کی چین کے قومی دن پر چینی قیادت اور عوام کو مبارکباد

Published On 01 October,2024 10:03 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چینی قیادت اورعوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ اور عوام کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، چین کی قیادت نے محنت،عزم اور جذبے کے ساتھ ترقی کی منزل حاصل کی ہے، چین ترقی پذیر ریاستوں کیلئے رول ماڈل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی قوم نے اپنی عظیم لیڈر شپ میں غربت، بیروزگاری اور کرپشن کیخلاف کامیاب جدوجہد کی ہے، چین پاکستان کا سب سے زیادہ با اعتماد دوست ہے، پاک چین دوستی پوری دنیا میں اپنی مثال آپ ہے، چین آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین عالمی امور، امن پسندی اور باہمی احترام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں، پاک چین ناقابل تسخیر دوستی اور سٹریٹجک شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔