اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سینیٹر عرفان صدیقی نے مجوزہ آئینی ترمیم غیر معینہ مدت تک مؤخر ہونے کی تصدیق کردی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ امکان ہے دونوں ایوانوں کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہو جائے گا، ترمیم آنے میں ہفتہ دس دن بھی لگ سکتے ہیں،اگر ترمیم نہیں بھی آئی تو کوئی قیامت نہیں آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم ہو جائے گی اس میں کوئی رکاوٹ نظر نہیں آتی، مولانا فضل الرحمان نے وقت مانگا ہے، وہ بہت ساری چیزوں پر مطمئن تھے، مسودے میں کچھ نکات پر اتفاق کا مسئلہ ہے جو ہر فریق کا حق ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئینی مسودہ کبھی پبلک نہیں ہوتا، پہلے یہ ایوان میں پیش ہوتا ہے، قانون مطلوبہ اکثریت مانگتا ہے، ہمیں نمبر گیم کا مسئلہ نہیں ہے۔
پرویز رشید
اس حوالے سے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ جمہوری عمل صبر آزما ہوتا ہے لیکن اس کا پھل میٹھا ہوتا ہے، جمہوریت میں نمبر گیم نہیں ہوتی، جمہوریت میں تعداد کیساتھ ساتھ اتفاق رائے کا ہونا بھی ضروری ہوتا ہے، کسی کا ایک بھی ووٹ ہو اس کی بھی رائے لینا جمہوریت کہلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، کچھ مسائل پر مزید گفتگو کی ضرورت ہے، مشاورت کاعمل جاری ہے، اتفاق رائے سے مسورہ تیار ہوجائے گا تو عمل بھی ہو جائے گا، سیاسی جماعتوں کےمؤقف میں دوریاں ختم کرنے کیلئے وقت لگتا ہے۔
پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ 2006 میں بینظیر بھٹو شہید اور میاں نوازشریف نے آئینی عدالت کا فیصلہ کیا تھا، 24 سال سے عملدرآمد کی کوشش کررہے ہیں۔