اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں تاخیر کی وجہ سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ صبح سےآئینی ترمیم کےحوالے سے مشاورت ہو رہی ہے، یہ آئینی ترمیم کا معاملہ ہے، تمام شقوں پر سنجیدگی کے ساتھ غور کیا جاتا ہے، قانونی ماہرین کی ایک ایک نقطے پر رائے لی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسودے کےحوالےسےمولانا فضل الرحمان سےمشاورت کررہےہیں، قانونی ماہرین کی رائےبڑی اہم ہے، یہ ایک اہم موڑ ہے، آئین میں ترمیم ہونےجارہی ہے، مشاورت کا مقصد عوام کی بھلائی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی میں وعدہ کیا گیا تھا کہ انصاف کے عمل کو آسان بنایا جائے گا،سیاسی جماعتوں کے درمیان آئینی ترامیم پر مشاورت کا عمل جاری ہے ، سینیٹ کے دفاتر اجلاس ختم ہونے تک کھلے رہیں گے، اچھے نتائج کیلئے مشاورت کا سلسلہ وسیع کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاخیر کی وجہ صرف اورصرف سیاسی جماعتوں سے مشاورت ہے، تمام جماعتوں کوآن بورڈ کرنا ہے، کوشش ہو گی آج ہی پیش رفت ہوجائے، اس کے متعلق میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔