اسلام آباد: (دنیا نیوز) حج 2025 کے سلسلہ میں سعودی عرب نے پاکستان کو ہیلتھ ایڈوائزری بھجوا دی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی مذہبی امور کو حج 2025 سے متعلق جاری ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق موسم سخت ہونے کی بنا پر مختلف بیماریوں کا شکار افراد کا سعودی عرب داخلہ بند ہوگا، 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو سفرِ حج کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، شدید موسم کے پیش نظر صرف تندرست و توانا عازمین کو سفر حج کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق گردہ، دل، پھیپھڑے، جگر اور کینسر کے پیچیدہ مریضوں کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی۔
ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق ڈیمنشیا اور متعدی امراض، ٹی بی، تپ دق، کالی کھانسی کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی، عازمینِ حج کیلئے گردن توڑ بخار، کرونا، موسمی انفلوئنزا، پولیو ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔