کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کو اصل میں سندھی الفاظ کی اہمیت اور تقدس کا علم نہیں، حافظ نعیم الرحمان کو سندھی سیکھنی چاہئے۔
صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ گھر، خاندان، گاؤں کے سربراہ کو ہم وڈیرو کہتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ہماری قیادت نے ہمیشہ ملک کے پسماندہ لوگوں کو ترجیح دی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کا نظریہ عوام کے حقوق اور ملک کی سلامتی ہے، ہماری سیاست کا مقصد اپنے لوگوں اور ریاست کی خدمت کرنا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی نفرت کی سیاست نہیں کی، ہماری قیادت اور جیالوں نے جمہوریت کی خاطر قربانیاں دی ہیں، ہم مذہبی، فرقہ واریت اور لسانی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم نے ہمیشہ ہر اچھے کردار اور عمل کی حمایت کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انگریزوں سے پاکستان کی آزادی کیلئے کس نے حمایت کی تھی اور کون مخالف تھا؟ جماعت اسلامی اور انکی قیادت کو پاکستان میں جمہوریت اور عوام کی ترقی اور خوشحالی پسند نہیں ہے۔