اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اظہرمشہوانی کے 2 بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔
عدالت نے اظہر مشوانی کے بھائیوں کی بازیابی کیلئے فریقین کو ایک اور موقع دے دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، عدالت نے حکمنامے کی کاپی وزیراعظم اور اٹارنی جنرل کو بھجوانے کا تحریری حکم دے دیا۔
حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پیش ہوئے اور رپورٹ جمع کرائی، رپورٹ کے مطابق مغویان کی بازیابی کی کوشش کی گئی مگر کوئی سراغ نہ ملا، مغویان کی بازیابی کیلئے ایس ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
عدالتی حکمنامے کے مطابق سیکرٹری دفاع کے بیرون ملک ہونے کے باعث جوائنٹ سیکرٹری عدالت میں پیش ہوئے، وزارت دفاع کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی، نہ ہی جوائنٹ سیکرٹری نے گزارشات عدالت کے سامنے رکھیں۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مغویان اسلام آباد پولیس کی تحویل میں نہیں، ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق مغویان کو ایف آئی اے نے گرفتار کیا، نہ ہی وہ تحویل میں ہیں، ریاست کو سمجھنا چاہیے کہ حبس بے جا کی درخواستیں مدد کی اپیل ہوتی ہیں، مغویان کو گرفتار کرنا اور انہیں حبس بے جا میں رکھنا آئین پاکستان کی شقوں 4، 9، 10 کے برخلاف ہے۔
مزید کہا گیا کہ امید ہے اٹارنی جنرل اس حوالے سے پالیسی تشکیل دینے کیلئے وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے، شہریوں کو غیر قانونی حراست میں رکھنے والے سرکاری اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا تعین بھی کیا جائے۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ فریقین کو مغویان کی بازیابی سے متعلق احکامات پر عملدرآمد کیلئے 20 اگست تک ایک اور موقع دیا جاتا ہے، اس حکم نامے کی کاپی وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اور اٹارنی جنرل کو بھجوائی جائے، درخواست پر آئندہ سماعت 20 اگست کو ہوگی۔