اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اظہر مشوانی کے لاپتہ بھائیوں کو منگل تک بازیاب کرا کے پیش کرنے کی مہلت دے دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اظہر مشوانی کے 2 لاپتہ بھائیوں کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دُوگل، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور ڈی آئی جی آپریشنز پولیس عدالت کے روبرو پیش ہوئے، سیکرٹری دفاع بیرون ملک ہونے کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے استفسار کیا کہ آپ کیا کہیں گے؟ صرف رپورٹ پیش کریں گے؟ کیا سیکرٹری دفاع بھی عدالت میں موجود ہیں؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹری دفاع نہیں، جوائنٹ سیکرٹری ڈیفنس عدالت آئے ہیں، سیکرٹری دفاع 11 اگست سے ملک سے باہر ہیں، جوائنٹ سیکرٹری موجود ہیں، اس کیس میں دائرہ اختیار کا معاملہ بھی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ فیڈریشن ہیں، آپ کے پاس اختیار ہے، آپ کے پاس سیکرٹری دفاع، سیکرٹری داخلہ ہیں، یہ معاملہ انا نہ بنائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے منگل تک اظہر مشوانی کے بھائیوں کو بازیاب کرا کے پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ پولیس والے جب پتا لگانا چاہیں تو وہ پتا لگا لیتے ہیں کہ بندہ کس کے پاس ہے، ذمہ داری سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع پر آتی ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے مزید کہا کہ منگل تک کا وقت دے رہا ہوں ان کیسز کو ختم کر دیں، اگر یہ کیس ختم نہ ہوئے تو میں اپنا دماغ کھو دوں گا پھر مجھ سے گلہ نہ کرنا، عدالت نے سیکرٹری دفاع کو 20 اگست کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ مجھے امید ہے یہ کیس آئندہ منگل تک ختم ہو جائے گا۔
عدالت نے استفسار کیا اٹارنی جنرل صاحب کہاں ہیں؟ اٹارنی جنرل کو کہیں اس مرتبہ اپنے ویک اینڈ کی قربانی دیں، میں اس پر تفصیلی آرڈر جاری کروں گا، بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 20 اگست تک ملتوی کر دی۔