کراچی:(دنیا نیوز) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ مسٹر جسٹس محمد شفیع صدیقی نے کہا ہے کہ یہ جوڈیشری انگریزوں کے دور میں قائم ہوئی پہلے پنچائیت کا نظام ہوا کرتا تھا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس شفیع صدیقی نے ملیر بار کورٹ میں مسجد کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ پہلا افتتاح میں نے مسجد کا کیا ہے، مسجد بنانے کے ساتھ اسے آباد بھی رکھا جائے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ بار روم کا ہونا ضروری ہے، وکلا کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے، یہاں کلینک قائم کرنے کے ساتھ ڈاکٹربھی مقرر کئے جائیں گے جبکہ ہماری کوشش ہو گی کہ ملیر بار کی مالی مدد بھی کی جائے گی، یہاں اعلیٰ لائبریری قائم کریں گے لیکن اسکی ترقی پھر آپ کی ذمہ داری ہو گی۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سلیم منگریو کا لائبریری قائم کرنے میں اہم کردار ہے، جو مقدمات بڑے عرصے سے زیر سماعت ہیں انہیں نمٹانے کی کوشش کریں گے تاہم وکلاء کا اس میں اہم کردار ہے۔