اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان نے شیخ مجیب کو ہیرو بنا کر پیش کیا، مجسمہ گرتے ہی یو ٹرن لے لیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ الیکشن ایکٹ کا ترمیمی بل قومی اسمبلی سے کثرت رائے سے منظور ہوا، سینیٹ سے بھی الیکشن ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی صورتحال کی پاکستان میں بہت بحث ہورہی ہے، ایک سیاسی جماعت کی جانب سے 1971کے حوالے سے بھی سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی گئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کیلئے پارلیمنٹ میں فہرستیں دیتی ہیں، جس پارٹی کا پارلیمنٹ میں وجود ہی نہیں اسے کس طرح مخصوص نشستیں دی گئیں ،سپریم کورٹ کے فیصلے میں دو ججز نے اہم سوالات اٹھائیں ہیں، قانونی معاملات میں انصاف ہوتا نظر بھی آنا چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ 15 روز سے سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا، میرا سوال ہے کہ کیا بیان حلفی جمع کرانے کے بعد کوئی بھی رکن اپنی پارٹی تبدیل کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل بانی پی ٹی آئی نے شیخ مجیب کو ہیرو بنا کر پیش کیا، جیل سے بار بار عمران خان نے شیخ مجیب ، شیخ مجیب کہا اور اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا جبکہ ان کے پارٹی رہنماؤں نے تقریریں بھی کیں کہ ہمارا لیڈر شیخ مجیب جیسا ہے۔
عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ اب بنگلہ دیش میں جس طرح کے حالات پیدا ہوئے ہیں، اس پر تحریک انصاف کے بدلتے بیانیے نے چکرا کر رکھ دیا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت موجودہ صورتحال میں بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ ہیں۔