اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابوپانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، پچھلے سال مہنگائی 38 فیصد تھی اب 12 فیصد تک آ گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ملکی ترقی کی شرح بڑھ رہی ہے ، یہ ترقی کی شرح 2.4 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، ہمارا خواب اور مستقبل روزگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں زراعت کے ذریعے لوگوں کو سب سے زیادہ روزگار ملتا ہے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، کاروبار اور زراعت سے نوکریاں ملیں گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ ٹریکٹرز کی سیل اور پروڈکشن میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے، 12 سو ارب کے ترقیاتی منصوبے لوگوں کو روزگار دے رہے ہیں، ترقی کے منصوبے غریب لوگوں کیلئے زندگی ،نوکری اور بچوں کا مستقبل ہیں۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے اس سال 600 ارب روپے رکھے گئے ہیں، یہ فنڈز خاص طور پر گھر چلانے والے خواتین کو ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے 86 فیصد گھر 200یونٹ تک سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے وزیراعظم نے سکیم بنائی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی عمر ایوب کی دھواں دھار تقریر سن رہاتھا ، 2013کی پالیسی بتارہے تھے، عمر ایوب کہہ رہے تھے جناب انہوں نے ملک کو تباہ کردیا، جناب اس وقت مسلم لیگ ن کے وزیر تھے، کابینہ میں انہوں نے کنٹریکٹ سائن کیے، آج عمر ایوب یہاں وہاں گھوم رہے ہیں جب حکومت کا حصہ تھے تو کچھ کرتے۔