اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک انصاف نے 5 اگست کو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں عمرایوب، اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز تحریک انصاف اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کرنا چاہتے ہیں، یہ ملک کے لئے نقصان دہ ہوگا، حکومت ہوش کے ناخن لے، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا واحد حل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہو رہے: ذرائع کا دعویٰ
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے 41 ایم این ایز کو خصوصی ٹارگٹ کیا جارہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کارروائیاں کی جارہی ہیں، ایم این ایز کے خلاف کارروائیوں پر سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے، ہمارے ایم این ایز پر دباؤ ڈالنا سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہے، کیا ملک اس طرح چلے گا؟ ایم این ایز پر دباؤ ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ پانچ اگست کو دو ایشوز پرپورے ملک میں جلسے، مظاہرے کریں گے، پانچ اگست کو بانی پی ٹی آئی کو غیرقانونی طریقے سے گرفتار کیا گیا، بانی پی ٹی آئی کی رہائی، دوسرا مہنگائی کیخلاف بھرپور مظاہرے ہوں گے، جماعت اسلامی کے احتجاج کو سپورٹ کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے: عمر ایوب
سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے ارکان، سوشل میڈیا ورکرز کیخلاف کریک ڈاؤن ہو رہا ہے، شہبازشریف اور اس کی بھتیجی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں، ناجائز مقدمات کو ختم کیا جائے، تمام جماعتوں کو اس حکومت کوختم کرنے کے لئے ایک میز پر بیٹھنا ہوگا۔
شیخ وقاص نے کہا کہ کیا احتجاج کرنا ہمارا حق نہیں ہے؟ افسر یاد رکھیں اس حکومت نے ہمیشہ نہیں رہنا، ایم این ایز کیخلاف کارروائیوں کو فوری روکا جائے، اگرنہ روکا گیا تو انارکی سے بچ نہیں سکیں گے، موجودہ حکومت نے اکانومی تباہ کردی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ کو تحریک انصاف نے ہرضلع کے اندراحتجاج کیا ہے، ہر ضلع کے اندر ہمارے سیکڑوں ورکروں کو گرفتار کیا گیا، دفعہ 144 کی ایف آئی آر سے تحریک انصاف کے ورکرز کو نہیں ڈرایا جاسکتا۔