کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم سب صوبے کی ترقی چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ سندھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا سب سے بڑا مرکز بنے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے حوالے سے صوبہ ایک مثال بنے گا، نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے کر روزگار فراہم کیا جائے گا، جب تک نئے لوگوں کو جگہ نہیں دیں گے معاشی بحران ختم نہیں ہوسکتا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں نئے لوگوں کے پلان کو شامل کرنا پڑے گا، تب ہی ہم ترقی کر سکتے ہیں، آئی ایم ایف سے بات چیت کرنی ہو تو پہلے اپنے لوگوں سے رائے ضرور لیں، 5 سال بعد آئی ٹی ایکسپورٹ میں سندھ کا بڑا حصہ ہوگا۔
کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ایس آئی ایف سی میں آئی ٹی کو شامل کیا گیا، اس اقدام پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا مشکور ہوں، غیرملکی ممالک سے سرمایہ کاری آ رہی ہے، آئی ٹی کورسز کا جال سندھ میں پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ کم سے کم 10 لاکھ بچے آئی ٹی کورسز کر لیں، کل حیدرآباد سے 35 سے 40 ہزار بچوں نے ٹیسٹ دیا ہے، حیدر آباد میں ٹیسٹ کے دوران سارا دن میں وہاں موجود رہا، ہم حکومت سے مانگیں گے نہیں ہم ان کو ڈالرز دینے جا رہے ہیں۔