کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے اعلان سے قبل پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں کی گئی۔
اپنے ایک بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر کہا کہ پاکستان کو پیکیج نہ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اداروں اور عوام کے درمیان نفرتیں پیدا کیں، عمران خان نے پرویز مشرف کے ریفرنڈم کی بھی حمایت کی تھی، پی ٹی آئی تحریکِ عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو یہ اس کا حق ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عدالت کا فیصلہ میری سمجھ سے باہر ہے، کیا پی ٹی آئی عدالت میں گئی کہ انہیں نشستیں ملنی چاہئیں؟ اسمبلی توڑنا عارف علوی، عمران خان اور قاسم سوری کا غیر آئینی کام تھا، اگر کوئی شخص اپنی انا کیلئے غیر قانونی طور پر اسمبلیاں توڑ دے تو اس سے بڑی کیا چیز ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی ہو وہ میری یا آپ کی پسند سے نہیں، آئین وقانون میں جو لکھا ہوا ہے وہ ہونا چاہیے۔