اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سی ای سی کے رکن رضا ربانی نے بھی تحریک انصاف پر پابندی کی مخالفت کردی۔
رضا ربانی نے کہا کہ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کی بات جمہوریت کے تمام اصولوں کے خلاف ہے، حکومت کو ایسے قدم اٹھانے سے گریز کرنا چاہئے، پاکستان کی تاریخ میں سیاسی جماعت پر پابندی کا اقدام ہمیشہ ناکام رہا اور تاریخ کے کوڑے دان میں پھینکا گیا۔
سینئر رہنما پی پی نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے سیاسی افراتفری بڑھے گی اور معیشت تباہ ہو جائے گی، یہ معاشی اور سیاسی انتشار پورے جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنے کا ایک نسخہ ہو سکتا ہے، اس فیصلے کا اثر وفاق پر پڑے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اگر فل کورٹ کے فیصلے سے ناراض ہے تو آئینی طریقے پر عمل کرے اور نظرثانی کی درخواست دائر کرے۔