آستانہ:(دنیا نیوز ) شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کی روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور رشین فیڈریشن کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان پُرجوش اور خوشگوار ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے تجارتی و اقتصادی تعلقات، توانائی کے شعبے، اہم علاقائی اور عالمی امور پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات بارے تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے روس کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ان تعلقات کی مسلسل نمو پر اطمینان کا اظہار کیا جو کہ باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم پر مبنی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کیساتھ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں: پوٹن
وزیراعظم نے تجارت، توانائی، دفاع اور سلامتی سمیت باہمی فوائد کے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے کثیر جہتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مضبوط کرنے کے لیے روس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں پاکستان روس بین الحکومتی تعاون کا اگلا اجلاس جلد ماسکو میں بلانے پر اتفاق کیا گیا، وزیراعظم نے روسی صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔