آستانہ: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی ازبکستان کے صدر سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزی یوف کے درمیان آستانہ میں ملاقات ہوئی، کثیرالجہتی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خوشحال وسطی ایشیا اور بڑھتے ہوئے علاقائی روابط کیلئے پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا، دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ترجیحی تجارتی اور ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کو عملی جامہ پہنانے سے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ازبکستان خطے کے ممالک کیلئے تجارت کی توسیع کے حوالے سے ایک ٹرانزٹ پوائنٹ ہے، دونوں رہنماؤں نے دستیاب مختلف آپشنز کی جانچ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا، کراچی پورٹ کو ترمز سے منسلک کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا، ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی بات چیت کی گئی۔