لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں ڈیپارٹمنٹ آف سائیکالوجی اور فاؤنٹین ہاؤس کے اشتراک سے دو روزہ سائیکو پیتھالوجی بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔
افتتاحی سیشن میں ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر ہادیہ اعوان کی خصوصی شرکت ہوئی، مختلف سیشنز میں ماہرین نے ذہنی امراض اور ان کی وجوہات بارے گفتگو کی۔
چیئرمین اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب کا خطاب میں کہنا تھا کہ ایک دوسرے پر اعتماد اور دوسروں سے ہمدردی کی اشد ضرورت ہے۔
ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر خالد منظور بٹ اور سائیکالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر شازیہ و دیگر نے سائیکالوجی میں ہونے والی نئی تحقیق بارے آگاہی دی اور کہا کہ ان سیشنز میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے معاشرے اور فرد کی ذہنی صحت کے لئے اجتماعی کاوش کی ضرورت ہے، کانفرنس میں مجموعی طور پر 100 تحقیقی مقالے پیش کئے جائیں گے۔