اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خورشید احمد کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی، وزارت دفاع کے ڈائریکٹر لیگل عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ جاسوسی کے الزام میں خورشید احمد ملٹری کی حراست میں ہیں جس پر جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ ’چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا‘۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں۔
جسٹس محسن اختر نے استفسار کیا کہ ’کیا وہ ملٹری سے ریٹائرڈ ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے بتایا کہ ’جی وہ ملٹری ریٹائرڈ ہیں‘۔
اس موقع پر وکیل درخواست گزار نےاستدعا کی کہ ہمیں ان کے جواب کی کاپی دے دیں،عدالت نے ریمارکس دیئےکہ جی بالکل آپ کاپی لے لیں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ چلیں بندے کا پتہ تو چل گیا، آپ قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتے ہیں، بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری سے متعلق درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ وسیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کر دیئے تھے، عدالت نے کہا تھا کہ آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے سے معلوم کر کے سیکرٹریز رپورٹ جمع کرائیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ سیکرٹری دفاع ، راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سیکٹر کمانڈرز سے رپورٹ لے کر آگاہ کریں۔