لاہور : (دنیانیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پھردھمکیاں دے رہے ہیں ،تھوڑی محنت کرکے پہلے کورڑا تو اُٹھا لیں۔
لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عظمٰی بخاری نے کہا کہ دھمکی وزیراعلیٰ پھردھمکیاں دے رہے ہیں ، علی امین گنڈاپور پہلے کوڑا تو اٹھا لیں، یہ لاہور آجائیں ہم انہیں بتائیں گے کہ کوڑا کیسے اٹھاتے ہیں، یہ عید کے دن بھی نفرت اور انتشار پھیلانے سے باز نہیں آتے، یہ گرڈ سٹیشن پر قبضے کرتے ہیں،ان کی دہشت گردی اور قبضے کرنے کی عادت جاتی نہیں۔
عظمٰی بخاری نے کہا کسی صوبے میں بھی پنجاب کی طرح انتظام نہیں تھا، وزیراعلیٰ پنجاب عید والے دن بھی کام کرتی رہیں، انہوں نے ستھرا پنجاب مہم کو خود مانیٹر کیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صفائی مہم کو مانیٹر کرنے کی بجائے دھمکیاں دیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا مزید کہنا تھا عیدالاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے، شاہراہوں کو صفائی کے بعد عرق گلاب اور فینائل ملے پانی سے دھویا گیا، عید سے قبل ویسٹ مینجمنٹ نے 32 لاکھ بیگز لوگوں کے گھروں میں پہنچائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ا س مقصد کے لیے سیف سٹی کیمرہ بھی استعمال کیا گیا، ویسٹ مینجمنٹ کے عملے کو بھی عیدی اور کیش دیے گئے، پنجاب میں مویشی چوری ہونےکا کوئی ایک واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔