لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں حکومت پنجاب کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کے خلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر بطور اعتراض سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے درخواست پر عائد اعتراضات ختم کرنے کے لیے مہلت مانگ لی۔
عدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکلاء کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ اعتراضات دور ہونے پر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا جائے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر مصدقہ نقول لف نہ کرنے کا اعتراض لگایا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کی جانب سے سنگین کیسز کی منظوری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔