کراچی کی تین شاہراہوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے ٹینڈر جاری

Published On 28 May,2024 04:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی کی تین اہم شاہراہوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے کے ایم سی نے ورلڈ بینک کے تعاون سے ایک ارب روپے کے منصوبے کا ٹینڈر جاری کر دیا۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کراچی کی تین شاہراہوں شارع فیصل، میرین ڈرائیو روڈ اور شاہراہ ایران / شاہراہ فردوس کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، کے ایم سی کے زیر انتظام 103 مزید بڑی شاہراہوں کو بھی سولر سسٹم پر منتقل کرنے کے اقدامات کئے جا ئیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بجلی کی بچت سے جو فنڈ موجود ہو گا اس سے شہر میں ترقیاتی کام کروائے جائیں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ہیڈ آفس کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے احکامات دیئے ہیں، کے ایم سی کا ہیڈ آفس ملک کا پہلا کونسل ہو گا جو مکمل طور پر شمسی توانائی پر چلے گا۔