بہادر جوانوں کی قربانیاں امن، استحکام کیلئے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں: شرجیل میمن

Published On 27 May,2024 07:04 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹانک اور حسن خیل میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ دہشتگردانہ حملوں میں پاک فوج کے جوانوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، پاک فوج وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں امن اور استحکام کے لئے ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر سندھ نے مزید کہا کہ پوری قوم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے میں متحد ہے، ان کی بہادری اور لگن ہم سب کے لئے مشعل راہ ہے، ان کی لازوال قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی، ہم محفوظ پاکستان کے لئے انتھک جدوجہد میں اپنی افواج کے ساتھ ہیں۔