اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات اور قدرتی وسائل مختار بابائیف نے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانا، شجرکاری کو فروغ دینا اور گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج کم کرنا ہوگا، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی سے گلیشئرز متاثر ہو رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی پانی کی قلت کا باعث بھی بن رہی ہے، ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے، منفی اثرات کم کرنے کیلئے عالمی تعاون درکار ہے، صدر مملکت نے آذربائیجان کو کوپ 29 کانفرنس کی میزبانی حاصل کرنے پر مبارک دی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کوپ 29 سے ترقی پذیر ممالک کومالیاتی ضروریات پورا کرنے میں مدد ملے گی، پاکستان نے لاکھوں ہیکٹرز پر مینگروو جنگلات لگائے ہیں، مینگرووز سے پاکستان کو کاربن کریڈٹ حاصل کرنے ، ماحولیاتی تحفظ میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی حکومت غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات کر رہی ہے: منیر اکرم
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
اس موقع پر مختار بابائیف نے سیاحت اور ثقافت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، آذربائیجان کے وزیر ماحولیات نے نومبر 2024 میں کوپ 29 کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ پہنچایا۔
صدر مملکت نے کوپ 29 کانفرنس کی کامیاب میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اُمید ہے کہ آذربائیجان ماحولیاتی اعتبار سے ترقی پذیر ممالک کے مفادات کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔