اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
صدر مملکت نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری سپریم کورٹ کے 22 مارچ 2024 کے فیصلے کی روشنی میں دی، ریٹائرمنٹ نوٹیفکیشن کا اطلاق جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کی تاریخ 30 جون 2021 سے ہوگا۔
صدر مملکت نے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 195 کے تحت دی، صدر مملکت نے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کا 11 اکتوبر 2018 کا لاء اینڈ جسٹس ڈویژن کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی بھی منظوری دیدی۔
یاد رہے کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارشات پر آئین کے آرٹیکل 209(6) کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔
صدر ِپاکستان آصف علی زرداری نے وزارت قانون و انصاف کی تجاویز کی منظوری وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر دی۔