اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری سے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے وفد نے ملاقات کی۔
چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لوؤچاؤہوئی نے وفد کی قیادت کی، ملاقات میں چینی سفیر چیانگ زی ڈونگ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر جہانزیب خان نے بھی شرکت کی۔
صدر مملکت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تزویراتی تعلقات ہیں، پاک چین تعلقات کو تجارت، معیشت، زراعت اور ثقافت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف علی زرداری سے اسلامی یونیورسٹی کے وفد کی ملاقات
آصف علی زرداری نے دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان سی پیک کو تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ سمجھتا ہے، پاکستان تمام سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ گوادر بندرگاہ سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا، چین تک سامان کی نقل و حمل سستی ہوگی، صدر مملکت نے انسانی وسائل کو چین کی ضروریات کے مطابق ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے مشترکہ تربیتی منصوبوں کی تجویز دی۔
لوو چاؤ ہوئی نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایجنسی کے کردار کے بارے آگاہ کیا، ملاقات میں لوو چاؤ ہوئی نے سیاحت اور زرعی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت آصف علی زرداری کا تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ
صدر مملکت نے بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں، سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا، لوؤ چاؤ ہوئی نے کہا کہ دشمن دونوں ممالک کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
صدرمملکت نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا، صدر نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سکولوں کی تعمیر نو میں ایجنسی کے کردار کو سراہا۔
صدر نے سندھ اور بلوچستان میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کیلئے گھروں کی تعمیر میں بھی ایجنسی کے کردار کی تعریف کی۔