کراچی : (دنیانیوز) سندھ ہائیکورٹ سے تحریک انصاف کو 28 اپریل کو باغ جناح کراچی میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں مل سکی ۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت میں استفسار کیا کہ کب تک یہ معاملات بہتر ہو جائیں گے اور آپ انہیں جلسے کی اجازت دیں گے؟ جس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایک مہینہ کا وقت بتایا جا رہا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے سوال کیا کہ ابھی حال ہی میں شہر میں کوئی جلسہ ہوا ہے؟ جس پر پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی طاہر نے جواب دیا کہ دو روز پہلے مرکزی مسلم لیگ نے شاہراہ قائدین پر جلسہ کیا ہے جس پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے کہاکہ ہم نے کسی کو جلسہ کرنےکی اجازت نہیں دی۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ ان کو بھی بغیر اجازت جلسہ کرنے دیں ، اللہ جانے یہ جانیں،آپ اپنےدفاتر میں بیٹھیں ، آپ بتائیں بلا اجازت جلسہ کرنے پر آپ نے کیا کارروائی کی ،کیا ڈنڈے برسائے،رینجرز کا استعمال کیا، اپنے بڑوں سے بات کریں ،اتنا ظلم نہ کریں ،ہم آپ کا حصہ نہیں بن سکتے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہاکہ اجازت نہ دینے کی کوئی معقول وجہ بتائیں تو ہم آپ کا ساتھ دیں ، یہ نہ ہو کہ کل آپ معاملات کو سنبھال نہ سکیں ، چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے وکیل سے مکالمہ میں کہا کہ آپ لوگ بھی احتیاط کریں، یہ نہ ہو کہ کوئی واقعہ ہو جائے تو یہ آپ کے کھاتے میں ڈال دیں گے، ہم آپ کے حق میں آرڈر بھی کر دیں تو کل آپ کےلیے مسئلہ بن جائے گا۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ آپ بھی ضد نہ کریں اور ایک ہفتہ مزید دیکھ لیں، عدالت نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت 7 مئی تک ملتوی کر دی۔