ظفروال: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ معاشرے میں پولرائزیشن کرنا بڑا ہتھیار بن چکا، ملکر قابو پانا ہوگا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ملکی معیشت ادھار پر چل رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے دور میں ملک قرضوں میں ڈوبا، ہمیں قرضوں کی ادائیگی کے لئے آئی ایم ایف سے مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت کو سالانہ 7 ہزار ارب کا ریونیو ملتا ہے جبکہ قرضوں کی 5 ہزار ارب ادائیگی کرنی ہے، بانی پی ٹی آئی کی حکومت نے 4 سالوں میں 80 فیصد قرض لیا جس کی ادائیگی آئندہ حکومتوں نے کرنی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں زرعی، صنعتی پیداوار کو بڑھانا اور درآمدات کرنا پڑیں گی، پوری قوم کو ملکر محنت کرنا ہوگی، ملک میں قرض کی بڑی وجہ کرپشن ہے جس کو کنٹرول کریں گے، ملکی وسائل کو ترقی کے لئے استعمال کریں گے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہمیں مس انفارمیشن کے چیلنجز کا سامنا ہے، ورلڈ اکنامک فورم نے بھی دنیا میں مس انفارمیشن کو بڑا چیلنج قرار دیا ہے۔